وزیراعظم نے اُن تاجروں سے خطاب کیا جن کا وہ معاشی قتل کرچکے، ن لیگ

November 18, 2020

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اُن تاجروں سے خطاب کیا جن کا وہ معاشی قتل کرچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے فیصل آباد میں تاجروں سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کو زبردستی سرکاری تقریب میں لایا جاسکتا ہے لیکن نعروں سے معاشی ترقی نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت خطے کے دیگر ممالک سے آگے جارہی تھی، پھر آل کی کرپشن، نالائقی اور نااہلی کے سیاہ بادل چھاگئے تھے۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور میں تاریخی مہنگائی، قرض اور ان کی جھوٹی سیاست سیاہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فیصل آباد کے تاجر سب جانتے ہیں کہ آپ کے اعلان 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے والے ہوتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ تاجر جانتے ہیں آپ کے اعلان انڈے، کٹوں، بھینسوں اور مرغیوں سے معیشت ٹھیک کرنے والے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور چوری نے پاکستان کو افریقا بنادیا ہے۔