شہباز، حمزہ کو بکتر بند میں پیش کرنے سے روک دیا گیا

November 19, 2020


لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میں پیش کرنے سے روک دیا۔

عدالت نے حکام کو میاں شہباز شریف کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف کی درخواست کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت عدالتی حکم پر ہوم سیکریٹری اور ایس پی سیکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے نون لیگ کے صدر میاں شہباز شریف سے ناروا سلوک کے خلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

قرار داد مسلم لیگ نون کی رکنِ پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ناروا سلوک قابلِ مذمت ہے۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت خراب ہے، شہباز شریف کی جیل میں کمر درد میں اضافے پرعوام میں تشویش ہے۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف کو تمام ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔