وزیر اعظم کے دورہ افغانستان کا اعلامیہ جاری

November 19, 2020


وزیر اعظم عمران خان کے دورہ افغانستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے انفرا اسٹرکچر، توانائی اور پاکستان و افغانستان کے نئے ریل منصوبوں پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنھبالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے اقدامات پر وزیر اعظم کی افغان صدر سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے انفرا اسٹرکچر، توانائی اور پاکستان و افغانستان کے نئے ریل منصوبوں پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی افغان صدر سے ہونے والی ملاقات میںپاک افغان دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے جمہوری اور خودمختار افغانستان کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ افغانستان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت بتائی اور کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کا واحد حل مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہپاکستان امن عمل میں افغانوں کے فیصلوں کا احترام کرے گا۔

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ کچھ لوگ افغانستان میں امن کی کوششیں خراب کر سکتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان افغانستان نے سلامتی اور امن سے متعلق امور کو آگے بڑھانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم کا متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی قیادت کے تبادلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مشترکہ نظریہ کے عنوان سے دستاویز جاری

اعلامیے کے مطابق اسلامی جمہوریہ افغانستان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مشترکہ نظریہ کے عنوان سے ایک دستاویز بھی جاری کی گئی۔

یہ دستاویز جاری کرنے کا مقصد پاکستان اور افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

اعلامیے کے مطابق مشترکہ نقطہ نظر کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور عوامی رابطے آگے بڑھانا ہے۔