وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کابل سے پیغام گیا ہے کہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم امن کے خواہاں تھے اور خواہاں ہیں، معاونت جاری رکھیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورے کا ایک مقصد پاک افغان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
وزیراعظم کے ہمراہ دورہ کابل پر موجود شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے وزیرِخارجہ اور ان کی ٹیم سے میری اہم نشست ہوئی۔
انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں کثیرالجہتی دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا، مستقبل میں پاک افغان تعلقات کی نوعیت پر بھی گفتگو ہوئی جس میں اتفاق رائے بھی ہوا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اشرف غنی اس دورے کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، وہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے منتظر تھے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ اشرف غنی مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے پر متفق ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں حکومتیں اسی جذبے کو لے کر آگے چلیں گی۔