پنجاب: شوگر ملز کو کسانوں کے 1464 ملین فوری دینے کی ہدایت

November 20, 2020

کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے شوگر ملز کو کسانوں کے 1464 ملین روپے فوری ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔

کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے ہدایت کی ہے کہ شوگر مل مالکان عدم ادائیگی پر 3 ارب روپے بطور مارک اپ بھی ادا کریں، پنجاب کی 48 شوگر ملز میں سے 8 ملز تاحال کسانوں کی نادہندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز گنے کی خریداری اور ادائیگیوں کی تفصیلات بھی دیں، شوگر ملز کسانوں کو 15 دن سے زائد تاخیر پر مارک اپ دینے کی بھی پابند ہیں۔

کین کمشنرپنجاب نے مزید کہا کہ آئندہ کیلئے شوگر ملز کسانوں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائیں، کسان زرعی ترقی کی اکائی ہیں، ان کا استحصال بند ہونا چاہیئے۔

محمد زمان وٹو کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسانوں کا استحصال ان کی محنت کی حوصلہ شکنی ہے، شوگر ملز کسانوں کو واجبات کی ادائیگی سے متعلق ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔