عرب امارات میں مقیم پاکستانی مقامی قوانین پر مکمل عمل کریں، علامہ طاہر اشرفی

November 20, 2020

مذہبی ہم آہنگی کے لیے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات برادراسلامی ملک ہے۔ امارات کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات ہیں۔ یواے ای میں رہنے والے پاکستانی وہاں کے قوانین پرعمل کریں۔

ایک بیان میں علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یو اے ای نے اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی کے مطابق ماضی اور حالیہ ایام میں فیصلے کیےہیں، کسی بھی ملک کے شہری یا ملک کو مداخلت کا کوئی اختیار نہیں اور نہ ہونا چاہیے۔

علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ ہر ملک اپنے حالات اور واقعات کے مطابق اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی بناتا ہے۔ یو اے ای میں رہنے والے پاکستانیوں سے گذارش ہے کہ وہ جس مقصد کے لیے گئے ہیں وہ اپنا کام کریں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی یو اے ای کی داخلہ، خارجہ پالیسی سےمتعلق ایسا عمل نہ کریں جو وہاں کے قوانین کی خلاف ورزی ہو۔

علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ عمران خان مشرق وسطیٰ میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلیے کوشش کررہے ہیں۔ یواے ای میں رہنے والے پاکستانی وہاں کے قوانین پرعمل کریں۔