سندھ ہائیکورٹ، KDA کے پنشنرز کو ادائیگی کیلئے ایڈمنسٹریٹر سے تجاویز طلب

November 22, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کے ڈی اے کے سیکڑوں ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی ممکن بنانے کیلئے چیف سیکرٹری سندھ اور ایڈمنسٹریٹر سمیت پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مسئلے کے حل کیلئے 8 دسمبر تک تجاویز پیش کی جائیں جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر کےڈی اے کی تمام تر پراپرٹیز کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں۔ کے ڈی اے ریٹائرڈ ملازمین کی درخواستوں کی سماعت جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر عدالت عالیہ کو بتایا گیا کہ ادارہ کورونا کے باعث شدید مالی بحران کا شکار ہے حاضر سروس ملازمین کو بھی تنخواہیں نہیں ادا ہورہی ہیں البتہ حکومت سندھ اگر پینشنرز کے لیئے کوئی خصوصی گرانٹ جاری کردے تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ ادارے کی پراپرٹیز میں کیا تفصیل ہیں؟ جس پر بتایا گیا کہ ادارہ کا ایک مرکزی دفتر ہے جو قومی ورثہ قرار دیا جاچکا ہے اسلئے اسے فروخت نہیں کیا جاسکتا۔باقی کچھ رفاہی پلاٹس بھی ہیں۔جسٹس ندیم اختر نے چیف سیکرٹری سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکریٹری لا اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے حکم دیا کہ کمیٹی حالات کا مکمل جائزہ لے اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سمیت دیگر واجبات کی ادائیگی کیلئے ممکنات تلاش کرے بشمول حکومت سندھ سے خصوصی گرانٹ پر بھی غور کیا جائے اور حتمی رپورٹ بنا کر عدالت میں جمع کرائی جائے۔ عدالت عالیہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر کے ڈی اے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔