کنٹینر نہیں لگا رہے بس کورونا پھیلاؤ سے مسئلہ ہے، کامران بنگش

November 22, 2020

پشاور(این این آئی) ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہا ہے کہ کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باوجود پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کا جلسہ عوام دشمنی پر مبنی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے عوامی مفاد اور قانون کا احترام کرتے ہوئے اپنا جلسہ منسوخ کروایا ورنہ گیارہ جماعتیں مل کر بھی جلسہ کرنے میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتیں، کنٹینرز نہیں لگا رہے ہیں بس کورونا پھیلائو سے مسئلہ ہے، جلسے کے بعد اگر کورونا صورتحال ابتر ہوئی تو پی ایم ڈی لیڈرز کیخلاف قانونی کارروائی کرینگے۔ کامران بنگش نے وزیر صحت تیمور جھگڑا اور ہیلتھ ماہرین کے ساتھ پریس بریفنگ کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ اپوزیشن اپنا ڈرامہ رچانے کیلئے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ میڈیا خود دیکھ لیں کہاں پر اپوزیشن کو رکاوٹ ہے؟ کہیں پر پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے رکاوٹیں نہیں ہیں۔ کنٹینرز تو مسلم لیگ ن کی حکومت نے کھڑے کئے تھے،ہماری حکومت پر کوئی پریشر نہیں۔معاون اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ شہر میں کورونا سے متعلق پہلے سے حالات تشویشناک ہیں۔ اپوزیشن کو کچھ تو عوامی صحت کا لحاظ کرنا چاہیے۔ پشاور کے بچے، بزرگ، ڈاکٹرز، طلباء اور وکلاء سب اپوزیشن کے جلسے سے پریشان ہیں۔