لوگ پوچھتے ہیں ہم پی ڈی ایم میں شامل کیوں نہیں ہوئے، سراج الحق

November 22, 2020

امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ ہم پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل کیوں نہیں ہوئے، جس اتحاد کا مقصد صرف چند خاندانوں کے مفادات ہوں، ہم اس میں شامل نہیں ہوسکتے۔

سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان کسی موقف پر اختلاف نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم کو اعتراض ہے تو صرف یہ کہ آپ کیوں گھوڑے پر بیٹھے ہیں، ہم کیوں نہیں بیٹھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک وزیر نے کہا یہ حکومت گئی تو سب سے پہلے وہ خود شکر ادا کریں گے، جبکہ ایک وزیر نے اعتراف کیا کہ اب عوام ہمارے چہروں سے نفرت کرتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ نالائق ترین حکومت ہے۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ کنٹینر خود فراہم کروں گا، مگر اب کراچی سے چترال تک گلی گلی میں شور ہے، لوگ حکومت پر لعنتیں بھیج رہے ہیں، عمران خان صاحب، اب آپ نے وعدہ پورا کرنا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ آٹھ سو دنوں میں مدینہ کی ریاست کی طرف کونسا قدم اٹھایا، آپ کی حکومت میں آنے کے بعد بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرلیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ویزے بند کر دیے ہیں، سعودی عرب اور چین سے تعلقات خراب ہوگئے، معاشی بحران ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ آپ کے ساتھ تو دو سو مرغیاں بھی نہیں تھیں، آپ کی حکومت میں مرغی، انڈے سب مہنگے، موت سستی ہوگئی ہے۔