اسکول بند کرنے کے حق میں نہیں ہوں: مراد راس

November 23, 2020

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ اسکول بند کرنے کی حق میں نہیں ہوں لیکن اگر کورونا وائرس آوٹ آف کنٹرول ہوا تو قابو پانا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس ہفتے اسکول بند کردئیے جائیں گے، سفارش کردی ہے، بچوں کو ہوم ورک کے بغیر نہیں جانے دیا جائے گا۔

مراد راد نے کہا کہ ہوم ورک کی کوالٹی کو چیک کیا جائے، ہوم ورک کی بنیاد پر اگلی کلاس میں پروموشن ہوگا، بورڈ کے امتحانات مارچ کی بجائے مئی جون میں ہوں گے، بورڈ فیصلہ کرے گا کہ کس تاریخ کو امتحان لینے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ٹیچرز کو ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو اسکول آنا ہوگا، 50 فیصد ٹیچر پیر اور باقی 50 فیصد جمعرات کو اسکول آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے جنوری کو کھل جائیں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کی دوسری لہر میں خطرناک اضافے کے بعد 26نومبر سے 24 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تمام تعلیمی اداروں میں سردیوں کی مکمل تعطیلات ہوں گی۔