• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ


وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کی دوسری لہر میں خطرناک اضافے کے بعد 26نومبر سے 24 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ  25 دسمبر سے 10 جنوری تک تمام تعلیمی اداروں میں سردیوں کی مکمل تعطیلات ہوں گی۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ نومبر سے پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے جائیں گے، 26 نومبر سے پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز کر سکتے ہیں۔

‏انہوں نے کہا کہ بچوں کے دسمبر میں ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے ہیں، گھر سے تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 25 دسمبرسے 10 جنوری تک تمام تعلیمی اداروں میں سردیوں کی مکمل تعطیلات ہونگی، 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم لرننگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا کے باعث اسکولوں کی بندش پر وزراء تعلیم متفق ہوگئے ہیں۔ ایک ماہ اسکولوں کی بندش کی تجویز وفاقی حکومت نے دی ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور بچوں کی صحت سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی صدارت میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی صحت فیصل سلطان اور دیگر حکام شریک ہوئے۔


اجلاس میں کورونا کیسز میں اضافے، تعلیمی سرگرمیوں پر اثرات اور دیگر اقدامات پر غور کیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں تعلیمی اداروں میں گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 82 فیصد رہی۔

تازہ ترین