لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ،سیکرٹری منصوبہ بندی

November 24, 2020

کوئٹہ (خ ن) سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات غلام فاروق مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لوگوں کی معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے جس میں حکومت کو چند منصوبوں پر بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں کی بھی معاونت حاصل ہے جن میں یورپی یونین بھی شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے یورپی یونین کے پروجیکٹ کے تحت بلوچستان ریگولیٹری ریفارم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیو اسٹاک محمد طیب لہڑی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ زراعت عمران خان، چیف فارن ایڈ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ثناء اللہ قریش، ڈی جی انڈسٹریز دؤاد خان، GRASP پروجیکٹ کے صوبائی کوآرڈینیٹرجہانزیب خان، ڈپٹی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر اویس خٹک سمیت نجی شعبے کی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان ریگولیٹری ریفارم کمیٹی کے حوالے سے پروجیکٹ کے حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوروپی یونین کے GRASP پروجیکٹ کا بنیادی مقصد صوبے میں غربت میں کمی لانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپناتے ہوئے صوبے کی پیداواری شعبوں جن میں زراعت و باغبانی، لائیو اسٹاک اور درمیانے و چھوٹے پیمانے پر جاری کاروبار سمیت صنفی مساوات کو ملحوظ خاطر رکھنا، صوبے میں موجود قوانین اور متعلقہ محکمہ جات کے استعداد کار میں اضافہ کرنا ،جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اصلاحات متعارف کروانا اور موجود قوانین میں بہتری لاتے ہوئے اس کی مکمل عملداری میں حکومت کو تعاون فراہم کرنا ہے۔ تاکہ صوبے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں جبکہ صوبے میں چھوٹے اور درمیانے کاروباری شعبے آگے بڑھ سکیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس کمیٹی کو بنانے کا مقصد حکومتی، نجی، اور جامعات کی سطح پر مربوط پالیسی سازی اور بہتر رابط کاری کے تحت حکمت عملی کو آگے بڑھانا تاکہ مشاورت سے متعلقہ شعبوں میں نئے قوانین اور پالیسی سازی کے لئے اسٹیک ہولڈرز کے مابین اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔ حکام نے مزید بتایا کہ جی آر ایس پی ایک چھ سالہ منصوبہ ہے جو بلوچستان اور سندھ میں چھوٹے پیمانے پر زرعی کاروبار کو مضبوط بنا کر پاکستان میں غربت کو کم کرنے کے لئے مرتب کیا گیا ہے ۔جس میں مقامی شراکت داری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے باغبانی اور لائیو اسٹاک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ویلیو چین کی تمام سطحوں پر بہتری لاکر زیادہ مسابقتی ہونے میں مدد ملے گی۔