چینی خریداری میں کرپشن، ملزمان کی بریت کیخلاف نیب کی اپیلیں خارج

November 25, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی چینی کی خریداری میں کرپشن کے ملزمان کی ہائی کورٹ آف سندھ سے بریت کے خلاف دائر کی گئی نیب کی اپیلیں خارج کردی ہیں ،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے ڈی جی نیب کراچی کی اپیلوں کی سماعت کی تو نیب کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیارکیا کہ ملزمان نے خریداری کے دوران چینی کی لوڈنگ ان لوڈنگ کی مدمیں قومی خزانے کو 19 ملین روپے کا نقصان پہنچایاہے،ملزمان مسعود عالم نیازی اور ضیاء اللہ کے خلاف براہ راست شواہد موجود ہیں، ہائیکورٹ نے ٹیکنیکل بنیاد پر نیب ریفرنس کو کالعدم قرار دیاہے ،ملزم ضیاء اللہ کے اکاؤنٹ میں براہ راست رقم منتقل کی گئی تھی جبکہ ملزم مسعود عالم اور سعید اللہ نے 49 چیک کے ذریعے ٹرانسفر کیے ہیں ،دوران سماعت ملزم ضیا ءاللہ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کمپنی کے مینجر اور ریجنل مینجر یہ اکاوئنٹ آپریٹ کرتے تھے،جس رقم کا نیب کے پراسیکیوٹر ذکر کر رہے ہیں وہ تولیبر کی تھی جس کی چیک کی صورت میں ادائیگی کی گئی تھی ،یہ رقم اکاوئنٹ آفس کے کہنے پر چیکوں کی صورت میں ادا کی گئی تھی ،بعد ازاں فاضل عدالت نے ملزمان کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلیں مسترد کردیں۔