کراچی: مسافروں کو لوٹنے والے گینگ کے کارندے کو 32 سال قید

November 25, 2020

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایئر پورٹ سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے والے گینگ کے خلاف کیس میں گینگ کے ایک کارندے کو 32 سال قید کی سزا سنا دی۔

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے ملزم کو یہ سزا پولیس مقابلے اور اقدامِ قتل کے کیس میں سنائی گئی ہے۔

مذکورہ ملزم پر 2 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں ملزم پر الزام عائد کیا کہ ملزم کار میں ساتھیوں کے ساتھ ایئر پورٹ سے آنے والے مسافروں کو لوٹتا تھا۔

سرکاری وکیل نے مزید کہا کہ ملزمان پولیس یونیفارم میں ایئر پورٹ سے آنے والے مسافروں کو لوٹتے تھے، ریکارڈ کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے، اس کے خلاف 14 مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے مفرور ملزم عارفین کے تاحیات وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔