آج سے تعلیمی ادارے 10جنوری تک بند

November 26, 2020


کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں آج سے اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند ہو جائیں گی، 24 دسمبر تک آن لائن کلاسز ہوں گی۔

اس کے بعد 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ بلوچستان کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے۔

وفاق المدارس خیبرپختون خوا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان ضرور کیا تاہم مدارس کا نام تک نہیں لیا، دینی مدارس میں طلبہ ہر وقت موجود رہتے ہیں اور وہ مدارس سے باہر کم ہی نکلتے ہیں۔ اس لئے مدارس کو قرنطینہ سینٹر بھی قرار دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے ملک بھر میں 26 نومبر سے 10 جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا تھا جس میں ملک اور بالخصوص تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا تھا کہ 26 نومبر سے اسکول، کالجز، یونیورسٹیز اور ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔