معمر افراد کو صحت کی سہولتوں کیلئے کارڈز کب جاری ہونگے، ہائیکورٹ

November 26, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے معمر افراد کو علاج کی سہولتوں کی عدم فراہمی پر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو طلب کر لیا ۔عدالت نے کہا کہ بتایا جائے معمر افراد کو آزادی کارڈز کب جاری کئے جائیں گے ۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں معمر افراد کو آزادی کارڈز کے ذریعے علاج معالجے کی سہولتیں دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نجی اسپتال معمر افراد کو 25فیصد رعایت دینے کے پابند ہیں ،تاہم یہ نجی اسپتال میں رعایت آزادی کارڈز سے مشروط ہے۔ ضیا الدین اسپتال کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اسپتال میں پہلے ہی معمر افراد کو رعایت دی جا رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جو مناسب رعایت دی جا سکتی ہے وہ تو دی جائے، مسئلہ یہ ہے قانون بہت اچھے بنتے ہیں مگر عمل درآمد نہیں ہوتے۔ بعد ازاں عدالت نےسیکرٹری ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔