لیجنڈ فٹبالر میراڈونا کی لاش کے پوسٹ مارٹم کا اعلان

November 26, 2020


دنیائے فٹبال کے لیجنڈ ارجنٹائن کے فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کا مقصد میرا ڈونا کی موت کا سبب جاننا ہے۔

ارجنٹائن میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ میراڈونا حرکتِ قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے تھے۔

خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے میرا ڈونا کے جسد خاکی کو تین روز تک Buenos Aires کے صدارتی محل میں رکھا جائے گا ۔

ڈیاگو میراڈونا کو کچھ عرصہ قبل دماغ کی سرجری کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ کامیاب سرجری کے بعد میراڈونا کو دو ہفتے قبل اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ میراڈونا 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے دوران ارجنٹائن ٹیم کے کپتان تھے اور انہوں نے اپنی ٹیم کو دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنوایا تھا۔

اس ایونٹ کی سب سے خاص بات انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ تھا جس میں میراڈونا نے 2 گول اسکور کیے اور فٹبال کی تاریخ میں امر ہوگئے۔

میرا ڈونا نے ارجنٹائن کی 4 عالمی کپ میں نمائندگی کی، قومی ٹیم کے لیے 91 میچز کھیلے اور 34 گول اسکور کیے۔