جوبائیڈن فاتح قرار پاتے ہیں تو وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا: ٹرمپ

November 27, 2020


صدارتی الیکشن میں شکست ماننے سے انکاری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر امریکا کا اگلا صدر قراد دے دیا جاتا ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا۔

گزشتہ روز مدت پوری ہونے پر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اگر الیکٹورل کالج ووٹوں میں شکست ہوتی ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا، آپ کو بھی یہ معلوم ہے۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’اگر وہ جوبائیڈن کو منتخب کرتے ہیں تو وہ غلطی کریں گے۔‘

ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ شاید وہ کبھی بھی شکست تسلیم نہ کریں۔

امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ’میرے لیے شکست تسلیم کرنا اتنہائی مشکل ہو گا کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ بہت بڑا فراڈ کیا گیا تھا۔‘

خیال رہے کہ جوبائیڈن کو اس وقت صدر ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق الیکٹورل کالج میں جو بائیڈن کے 306 ووٹوں کے مقابلے میں ٹرمپ کو صرف 232 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔