شہباز اور حمزہ کی جیل سے پیرول پر رہائی کا عمل شروع

November 27, 2020

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی جیل سے پیرول پر رہائی کا عمل شروع ہو گیا۔

سینٹرل جیل کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز حوالات سے نکل کر سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں پہنچ گئے، دونوں غروبِ آفتاب سے قبل جیل سے پیرول پر گھر چلے جائیں گے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز 5 روز کے لیے پیرول پر رہا ہوں گے، 2 دسمبر کو ان کی جیل واپسی ہو گی۔

جیل ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیرول کے دوران پولیس کے بغیر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کہیں نہیں جا سکیں گے۔


جیل ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رہائی کے ایام کے دوران پیرول قواعد پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ کا لندن میں انتقال ہو گیا ہے جن کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پیرول پر رہائی کی درخواست دائر کی تھی۔