پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردارعثمان بزدار نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ کی تدفین کے سلسلے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔
وزیرِ اعلیٰ آفس کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کے معاملےپر وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کی سفارشات پر بھجوائی گئی سمری کی منظوری دی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے شہبازشریف اور حمزہ کے 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جیل سے پیرول پر رہائی کل (27 نومبرکو) دوپہر 2 بجے ہو گی۔
وزیرِ اعلیٰ آفس کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ نے تھرو سرکولیشن 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ آفس کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابینہ ممبران سے منظوری کے بعد سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ارسال کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں، ان کی تدفین پاکستان میں کی جائے گی۔
نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب کے مطابق جمعے کو مرحومہ بیگم شمیم اختر کی نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی لندن سے وطن روانہ کر دیا جائے گا جو ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی ہمشیرہ کوثر اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کو لے کر لندن سے پاکستان روانہ ہوں گی۔
مرحومہ کی تجہیز و تکفین کے لیے انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں، نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریباً 90 سال تھی، ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004ء میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔