یورپی یونین اور پاکستان باہمی تعاون کو فروغ دیں گے

November 28, 2020

برسلز ( حافظ انیب راشد) پاکستان اور یورپین یونین باہمی اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ اور یورپین پارلیمنٹ میں سائوتھ ایشیا ڈیلیگیشن کے سربراہ نکولا پروکا سینی کے درمیان ہونے والے ایک آن لائین رابطے میں کیا گیا۔ اس رابطے میں تعاون کی مختلف جہات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ کہ مشترکہ کوششوں کے ساتھ ہیباہمی تعاون میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ گفتگو کے دوران سفیر پاکستان نے بتایا کہ پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان حالیہ دنوں میں منعقد ہونے والا 5 واں انگیجمنٹ پلان اجلاس اور (6) چھٹا پولیٹیکل ڈائیلاگ دونوں فریقین کے درمیان آگے کی جانب بڑھتے ہوئے تعلقات کا واضح اظہار اور اطمینان کا سبب ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے سائوتھ ایشیا ڈیلیگیشن کے سربراہ کو یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، عوام کے درمیان رابطہ، انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کی کوششوں سمیت تعاون کی صورتحال کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی سفیر پاکستان نے یورپین یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی اہمیت کے احساس اور شکرئیے کے ساتھ امید ظاہر کی کہ عالمی وبا کوروونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی منفی صورتحال پر قابو پا لیا جائے گا۔ گفتگو میں شریک دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باقاعدہ اعلیٰ سطح کے روابط، مضبوط ادارہ جاتی انتظامات اور منظم ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے ۔