2 سابق وزرائے اعظم کیخلاف ریفرنسز شریک ملزمان کی بریت درخواستیں مسترد

November 28, 2020

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کیخلاف اشتہارات کے ٹھیکوں سے متعلق الگ الگ ریفرنسز میں شریک ملزمان کی طرف سے دائر بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کیلئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔ جمعہ کو سماعت کے دوران عدالت نے دونوں الگ الگ ریفرنسز میں محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز وغیرہ کیخلاف ریفرنس میں شریک ملزمان لیاقت جتوئی ،ڈاکٹر بشارت حسن بشیر،غلام نبی، اسماعیل قریشی، یوسف میمن نے بریت کی درخواستیں کر رکھی تھیں، عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فردجرم عائد کرنے کیلئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی، ادھر اسی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی وغیرہ کیخلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق ریفرنس میں بھی عدالت نے شریک ملزمان محمد سلیم، فاوق اعوان، سید حسن شکو اور ریاض عاشر صدیقی کی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں اور کہاکہ آئندہ سماعت پر ریفرنس میں شریک ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے گی، عدالت نے سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔