او آئی سی کا توہین مذہب پر قانون سازی کا مطالبہ امن پسندی، طاہر اشرفی

November 29, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی) نمائندہ خصوصی وزیراعظم حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ او آئی سی کی طرف سے توہین مذہب پر اقوام متحدہ سے قانون سازی کا مطالبہ ہر امن پسند انسان کی ترجمانی ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں اسلامو فوبیا، توہین ناموس رسالت، توہین مذہب، کشمیر اور فلسطین پر پاکستان اور امت مسلمہ کی بھرپورترجمانی کی۔ اسلامی تعاون تنظیم کا توہین مذہب پر متفقہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں اور شاہ سلمان کی سربراہی اور دیگر اسلامی ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کی فکر، سوچ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے توہین مذہب پر اقوام متحدہ سے قانون سازی کا مطالبہ کیا۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم امت مسلمہ کا متفقہ فورم ہے جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے مقابلے میں پاکستان نہ کسی تنظیم کا حصہ بنے گا اور نہ ہی کسی ایسی کوشش کا حصہ ہے۔