سیاسی و عسکری قیادت کی اتوار کو ISI ہیڈکوارٹرز آمد، اندرونی و بیرونی صورتحال پر بریفنگ

November 30, 2020

سیاسی و عسکری قیادت کی ISI ہیڈکوارٹرز آمد

اسلام آباد (اے پی پی / نمائندہ جنگ) پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی اتوار کے روز آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز آمد ہوئی اور انہیں اندرونی و بیرونی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کیخلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوارکوآئی ایس آئی ہیڈکوارٹرزکادورہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی ایس آئی میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ جہاں منعقد اجلاس میں اعلیٰ قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پروزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔