مسئلہ کشمیر کشمیری تارکین کی وجہ سے زندہ ہے

November 30, 2020

لندن (نمائندہ جنگ) کشمیر فریڈم موومنٹ کے سابق مرکزی سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین کی ایک پریس ریلیز کے مطابق تنظیم کے بانی رہنما ڈاکٹر جمیل احمد میر، برطانیہ زون کے صدر محمد ظفر، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مظہررشید کیانی، مرکزی سینئر نائب صدر غلام حسین، سابق مرکزی سینئر نائب صدر حاجی یاسین، مرکزی سیکرٹری سفارتی امور سردار آفتاب احمد خان، چیئرمین فنانس بورڈ حاجی عبدالمحید، سینئر نائب صدر علامہ محمد حنیف رضا نقشبندی، نائب صدر چوہدری محمد نواز، سیکرٹری اطلاعات اظہر احمد، رہنما جاوید غالب، چوہدری محمد اشفاق ،تنویر چوہدری، چوہدری تبارک علی، فاروق عزیز اور نظیم عابد نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزادکشمیر میں اقتدار پرست سیاست دانوں نے مسئلہ کشمیر پر سیر سپاٹوں، غیر ملکی دوروں پر کشمیریوں کا پیسہ ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا جب کہ مسئلہ کشمیر بیرون ممالک میں بسنے والوں کی سفارتی جدوجہد اور مقبوضہ کشمیر والوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے اور انشاءاللہ کشمیریوں کیلئے آزادی کی نوید کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں ۔مہنگائی سے غریب عوام کا خون چوسا جا رہا ہے ،منگلا ڈیم کی رائلٹی اور کشمیر پراپرٹی کے مسائل بدستور موجود ہیں بلکہ اب مزید ٹیکسوں کیلئے بھی آزادکشمیر کے لوگوں کو تیار رہنا ہوگا۔انہوں نےکشمیری عوام سے اور بالخصوص ریاست کی وحدت کی بحالی اور مکمل آزادی کی جدوجہد پر یقین رکھنے والوں سے اپیل کی کہ خدا را اپنے ذاتی و گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ریاست کی وحدت کی بحالی اور مکمل آزادی کے مقدس مقصد پر یکجان و متحد ہو کر ان تمام سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ناکام بنائیں ورنہ آنے والی نسلیں اور تاریخ مرتب کرنے والے ہمارے کردار کو اچھے لفظوں میں یاد نہیں کریں گی ۔