گیس بحران شدت اختیار کر گیا، سردی میں شہری خوارہونے لگے

November 30, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیاہے۔ دھمیال روڈ‘ اڈیالہ روڈ‘ میڈیا ٹائون‘ ویسٹریج‘ بکرا منڈی‘ کمال آباد‘ ملتانی محلہ‘ ٹنچ بھاٹہ سمیت دیگر علاقوں کے مکین گیس کیلئے ترس گئے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ابھی سردی کی شدت میں مکمل اضافہ نہیں ہوا اور سوئی ناردرن حکام کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ مختلف آبادیوں کیلئے گیس پریشر سیٹ نہیں کیا جا سکا۔گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی کے واضح حکومتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ کینٹ دھمیال روڈ اشرف کالونی کے علاقوں میں جہاں گیس دو ہفتے قبل تک آ رہی تھی اب گیس نایاب ہو گئی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہےکہ گلی نمبر 10سمیت متعدد علاقوں میں پرانی بوسیدہ لائنیں 35سال سے نصب ہیں جو کہ بڑھتی آبادی کے باعث اب ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔ان کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔ عوام نے وزیراعظم عمران خان‘ وفاقی کابینہ اور وزارت پٹرولیم حکام سے اپیل کی ہے کہ راولپنڈی کینٹ اور شہر کے علاقوں میں گیس مس مینجمنٹ کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کیخلاف کارروائی کریں۔دریں اثناءنیو منگرال ماڈل ٹائون نزد فضائیہ کالونی‘ کورال چوک ڈھوک حیدری‘ بھابڑا بازار‘ محلہ شاہ چن چراغ‘ صرافہ بازار‘ جامع مسجد روڈ‘ صادق آباد‘ رحیم آباد‘ ندیم آباد‘ ارجن پورہ اور کالج روڈ کے علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی شکایات میں اضافہ ہو گیا۔