PDM جلسہ، آصفہ بھٹو ملتان پہنچ گئیں

November 30, 2020

ملتان میں آج اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے گیلانی ہاؤس پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق آصفہ بھٹو کے استقبال کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی حیدر گیلانی ملتان ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔

اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ آصفہ بھٹو کی گیلانی ہاؤس آمد کے بعد ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ جائیں گے۔

آصفہ بھٹو کے ملتان ائیر پورٹ پہنچنے پر پی ڈی ایم کارکنان نے آصفہ بھٹو زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

واضح رہے کہ ملتان پولیس نے قاسم اسٹیڈیم کو ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔

مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اور چوک گھنٹہ گھر کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے ملتان میں قاسم باغ اسٹیڈیم پر حملہ اور قبضہ کرنے پر 80 افراد نامزد اور 1800 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

نامزد ملزمان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے چاروں بیٹے، جمعیت علمائے اسلام کے عبدالغفور حیدری، جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور عبدالرحمان کانجو بھی شامل ہیں۔