ملتان میں آج اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئےآصفہ بھٹو خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں گی جبکہ مریم نواز موٹر وے یا جی ٹی روڈ سے آئیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں گی۔
علی حیدر گیلانی کے مطابق آصفہ بھٹو ایئرپورٹ سے گیلانی ہاؤس جائیں گی،جبکہ آصفہ بھٹو اور یوسف رضا گیلانی ریلی کی قیادت کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نون کے ڈویزنل صدر عبدالرحمان کانجو کاکہنا ہے کہ مریم نواز موٹر وے یا جی ٹی روڈ سےآسکتی ہیں، کارکنان چونگی نمبر 9 پر مریم نواز کا استقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ ملتان پولیس نے قاسم اسٹیڈیم کو ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔
مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اور چوک گھنٹہ گھر کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے ملتان میں قاسم باغ اسٹیڈیم پر حملہ اور قبضہ کرنے پر 80 افراد نامزد اور 1800 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
نامزد ملزمان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے چاروں بیٹے، جمعیت علمائے اسلام کے عبدالغفور حیدری، جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور عبدالرحمان کانجو بھی شامل ہیں۔