• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں، مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ میں گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں لہٰذا مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی ایشو نہیں ہے۔

مریم نواز نے ملتان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا ذاتی دکھ چھوڑ کر ملتان کے لیے نکل رہی ہوں لہٰذا جلسہ اسٹیڈیم کے اندر ہو یا سڑک پر، جلسہ ضرور ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ناکے اور گرفتاریاں حکومت کے خوف کی عکاس ہیں، یہ جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے کہا کہ ملتان کے شہریوں سے گزارش ہے حکومت کی نالائقی کیخلاف جدوجہد تو کرنا ہی پڑے گی، ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں تو ملتان والے بھی باہر نکلیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری بھی تشریف لا رہی ہیں، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کو اپنا گھر جانا نظر آ رہا ہے، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں کیونکہ پولیس والے بھی اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کہیں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہورہے ہیں وہاں کورونا نہیں پھیل رہا ، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لیے ہیں؟

اُن کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 تو چلا ہی جائے گا لیکن کوویڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے۔

مریم نواز نے مزیدکہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور کا جلسہ روکنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں، جلسہ تو ہو گا اور کامیاب بھی ہو گا۔

تازہ ترین