ملتان کا سلطان کون؟ اپوزیشن نے گھنٹہ گھر ملتان پر اپنی سلطانی کا گھنٹا بجادیا

November 30, 2020


حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے گھنٹہ گھر ملتان میں اپنی سلطانی گھنٹا بجادیا اور انتظامیہ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرکے ایک کامیاب جلسے کا انعقاد کردیا۔

کنٹینر، رکاوٹوں، پکڑ دھکڑ، سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات کے بعد پنجاب حکومت نے اپوزیشن رہنماؤں کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانےکی ہدایت دے دی۔

کارکن رکاوٹیں پار کرکے گھنٹہ گھر چوک پہنچے، مسلم لیگ ن کی صدر مریم نواز قافلے کی شکل میں جاتی امرا رائے ونڈ سے ملتان پہنچیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، آصفہ بھٹو زرداری بھی کارکنوں کی ریلیوں کے ساتھ اسٹیڈیم پہنچے۔

جڑانوالہ انٹرچینج پر طلال چودھری حفاظتی جنگلا پھلانگ کر موٹروے پہنچے۔

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے نظر بند رہنماؤں کی رہائی کا حکم دے دیا۔

اپوزیشن کے کارکنوں کی کوششیں رنگ لے آئیںجس کے باعث اپوزیشن جماعتیںملتان میں اپنا رنگ جمانے میں کامیاب ہوگئیں۔

فضل الرحمان نے سیاست سے عمران خان کے تعلق کو ختم کرنے کا اعلان کیا تو مریم نواز نے بھی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو خوب لتاڑا، جبکہ سابق صدر آصف علی زردای کی بیٹی آصفہ بھٹو نے بھی ملتان جلسے کے ذریعے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔

آصفہ بھٹو ملتان میں عوام کی نگاہوں کا مرکز بنی رہیںاور انہوںنے ایک بھرپور مصروف دن گزارا۔