بڑھتی آبادی سنگین مسئلہ ،اقدامات اٹھانا ہونگے‘معاون خصوصی

December 02, 2020

پشاور ( نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سنگین مسئلہ ہے اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے محکمہ بہبود آبادی کو بھرپور اقدامات اٹھانا ہونگے۔ ہمارے ملک بلخصوص صوبے میں آبادی میں اضافے کی شرح بہت زیادہ ہے اور اس رفتار سے اگر ہماری آبادی میں اضافہ ہوتا رہا تو اگلی دو سے تین دہائیوں میں ہماری آبادی دو گنا زیادہ ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی نے معاون خصوصی کو محکمہ بہبود آبادی کی جاری اور نئی سکیموں کے بارے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ نے ہدایت کی کہ تمام جاری سکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کرکے انکی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیملی ویلفئیر سنٹرز کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان مراکز میں عملے کی حاضری کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔