قونصل جنرل جاپان کا کراچی سرکلر ٹرین پر سفر

December 02, 2020

قونصل جنرل جاپان برائے کراچی توشی کازو ایسومورا نے کراچی میں حال ہی میں سروس کا آغاز کرنے والے سرکلر ریلوے منصوبے کا دورہ کیا ہے، انہوں نے ٹرین پر سفر کیا اور سالوں بعد کے سی آر کا پہیہ چلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

مسٹر توشی کازو ایسومورا 4 سال سے زائد عرصے سے کراچی میں قونصل جنرل جاپان تعینات ہیں، وہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں ہیں اور یہاں کے معاشرتی، سیاسی اور معاشی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

اردو زبان پر عبور رکھنے والے جاپانی سفارت کار کو شہر کے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے میں گہری دلچسپی رہی ہے۔

مسٹر توشی کازو ایسومورا گزشتہ دنوں کراچی سرکلر ٹرین چلنے کی خبروں پر پُرمسرت نظر آئے، وہ کے سی آر کا پہیہ چلتے ہی ٹرین پر سفر کرنے کیلئے بے چین تھے۔

مسٹر ایسومورا گزشتہ شام کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے اور ٹکٹ کاؤنٹر سے از خود شام 5 بجے روانگی کیلئے تیار لوکل ٹرین کا ٹکٹ خریدا۔

قونصل جنرل نے ریلوے ٹکٹ کلکٹر سے ٹرین کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور پلیٹ فارم پر روانگی کیلئے تیار کراچی سرکلر ٹرین کا معائنہ کیا۔

انہوں نے ٹرین کی تصاویر بنائیں، ٹرین کے انجن کی تصویر بناتے ہوئے انہیں ٹرین کی روانگی کا وقت ہونے کا احساس ہوا تو وہ بھاگ کر ٹرین میں سوار ہوگئے۔

ٹرین 2 منٹ تاخیر سے شام 5 بجکر 2 منٹ پر سٹی اسٹیشن سے پیپری ریلوے اسٹیشن کیلئے روانہ ہوئی تو وہ مطمئن ہو گئے۔

قونصل جنرل جاپان نے ٹرین میں گھوم پھر کر بوگیوں کی کوالٹی چیک کی اور واش روم بھی استعمال کیا۔

قونصل جنرل جاپان کینٹ اسٹیشن پر ٹرین سے اتر گئے اور اسٹیشن سے باہر نکلتے وقت کے سی آر پر سفر کا ٹکٹ یادگار کے طور پر اپنے ساتھ رکھ لیا۔

جاپانی قونصل جنرل مسٹر توشی کازو ایسومورو نے کے سی آر چلانے کی پاکستان ریلوے کی کوشش کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بند کراچی سرکلر ٹرین چل پڑی ہے، یہ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔

قونصل جنرل جاپان نے بتایا کہ چونکہ انفرا اسٹرکچر مکمل کیئے بغیر ہی ٹرین چلائی گئی ہے اس لئے منصوبے میں ابھی کچھ خامیاں ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ سروس میں بہتری آ جائے گی۔

قونصل جنرل توشی کازو ایسومورو نے کراچی سرکلر ریلوے کے زیرِ تکمیل ٹریک کا بھی دورہ کیا۔

قونصل جنرل نے ناظم آباد میں کے سی آر کے اورنگی اسٹیشن پر جاری تعمیراتی کام دیکھا اور سائٹ، لیاری اور وزیر مینشن ریلوے اسٹیشنوں کے کام کا بھی جائزہ لیا۔