گوادر کی سیاست کا اہم باب بند ،بزرگ سیاستدان میرحسین اشرف انتقال کرگئے

December 03, 2020

گوادر ( نامہ نگار) ضلع گوادر کی سیاست کا اہم باب بند ہوگیا۔ بزرگ سیاستدان میر حسین اشرف اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ ان کا گزشتہ روز کراچی میں انتقال ہوگیا ہے۔ میر حسین اشرف نے اپنی سیاست کا آغاز جوانی کے ایام سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنی باقاعدہ سیاست کا آغاز سابقہ نیپ یعنی عوامی نیشنل پارٹی کے فلیٹ فارم سے کیا۔ وہ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے دیرینہ رفیق بھی رہے جس کی وجہ سے وہ میر غوث بخش بزنجو مرحوم کے ساتھ پاکستان نیشنل پارٹی میں بھی اکٹھے رہے۔ پاکستان نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر وہ گوادر کے دو مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر بھی بن گئے۔