پی آئی اے نے نومبر میں28ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا

December 03, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے نومبر میں ادارے سے مختلف وجوہ کے سبب 28 ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا ۔ نکالے جانے والوں پر جعلی تعلیمی اسناد ، قوانین کی خلاف ورزی ، بغیر اطلاع غیر حاضر ی اور کنٹریکٹر سے رشوت لینے جیسے الزامات ہیں ،ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن میں سزا و جزا کا عمل جاری ہے، نومبر کے مہینے میں 43ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں سے اٹھائیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔پی آئی اے ہیومن ریسورس کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 4ملازمین کو فارغ کیا، قوانین کی خلاف ورزی اور احکامات نہ ماننے پر بھی 4ملازمین کو برخاست کیا گیا، بغیر اطلاع کچھ عرصے سے غیر حاضر 8ملازمین کو بھی نوکری سے نکالا گیا۔پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں اور کنٹریکٹر سے رشوت لینے پر بھی 4ملازمین کو فارغ کیا، سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے پر 2ملازمین کو برطرف کیا گیا۔