کوروناوبا کی مفت مہم چلانے پر ڈی جی ISPR نے میڈیا کی تعریف کی

December 03, 2020

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابر افتخار کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران میڈیا اور نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے کردار ادا کرنے پر تعریف کی گئی ہے۔

میجرجنرل بابر افتخار نے آگاہی مہم میں میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نے اربوں روپے کی آگاہی مہم مفت چلائی، اس دوران انہوں نے خاص طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

میجرجنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کے این سی او سی کا کردار انفارمیشن آرم کی حیثیت سے ہم نے دیکھا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں پہلے دن سے پاک فوج ہر حکومتی کوشش کا حصہ ہے، این سی او سی میں فوجی اور سویلین مربوط نمائندگی ہے، یہ تجربہ بہت اچھا رہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاون یقینی بنانے کے لیے فوجی دستے تعینات کیے گئے، وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی اورفیصلوں میں فوج کے آئی ٹی سسٹمز کا فائدہ اٹھایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی لہر میں جو خامیاں سامنے آئیں، انہیں ہنگامی بنیادوں میں دور کرنے کے اقدامات کیے، اسی وجہ سے دوسری لہرمیں ہماری تیاری پہلی لہر کے مقابلے میں خاصی بہتر ہے، ہم کورونا کی دوسری لہر کا بہتر طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ دوسری لہرمیں ہم سب کو زیادہ احتیاط اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔