اقوامِ متحدہ: پاکستان کی بین المذاہب مذاکرے کی ترویج سے متعلق قرارداد منظور

December 03, 2020

اقوامِ متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی میں پاکستان کی مشترکہ طور پرپیش کردہ ’بین المذاہب، بین الثقافت مذاکرے کی ترویج‘ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ پاکستان اور فلپائن نے قرارداد مشترکہ طور پر پیش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قرارداد پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی و احترام، بردباری، پرُامن بقائے باہمی کی کاوشوں کی عکاس ہے۔

انھوں نے کہا کہ قرارداد میں کرتارپور راہداری بین المذاہب، بین الثقافت ہم آہنگی کے لیے اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہارِ رائے کے ساتھ ذمہ داریوں کا تعین بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں بڑھتے اسلاموفوبیا، زینوفوبیا، عدم برداشت کے تناظر میں یہ قرارداد اہمیت رکھتی ہے۔

ایرانی سائنسدان کی موت پر پاکستان کا ردِ عمل

نامور ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے بہیمانہ قتل پر ردِ عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے امور بین الریاستی تعلقات اور عالمی قانون سمیت تمام اقدار کے منافی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس افسوسناک فعل نے خطے میں امن و استحکام کی نازک صورتحال کو مزید خطرات سے دوچار کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام فریقین کو ہر ممکن تحمل سے کام لینے اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے سے گریز پر زور دیتا ہے۔

پاکستان نے مرحوم ایرانی سائنسدان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت بھی کی۔