بزرگ شخصیت حاجی فضل حسین وفات پاگئے

December 04, 2020

برمنگھم (پ ر) بزرگ شخصیت حاجی فضل حسین 125 برس کی عمر میں وفات پاگئے، مرحوم کی ہینڈزورتھ قبرستان میں تدفین عمل میں آئی ۔مرحوم کی نماز جنازہ قاری ذکاء اللہ سلیم نے پڑھائی، نماز جنازہ میں مولانا محمد عبدالہادی العمری، مولانا شیر خان جمیل احمد عمری، حاجی اللہ دتہ، حاجی محمد اسلم چوہدری، مولانا محمد ابراہیم میرپوری اور بہت سے علماء کرام اور اقارب شریک تھے، مولانا محمد حفیظ اللہ خان المدنی، حافظ عبدالاعلیٰ درانی، عجائب خان، رب نواز چوہدری اور بہت سے احباب و اقرباء نے حاجی عبدالغفور سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ حاجی فضل حسین کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے ۔علاوہ ازیں اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر عبدالرب ثاقب نے کہا کہ اللہ کے نبی حضرت محمدﷺ نے ایسی لمبی عمر سے پناہ مانگی ہے کہ جس میں انسان خیر اور شر میں تمیز نہ کرسکے لیکن مرحوم آخر وقت تک باہوش و حواس نمازوں کے پابند تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم باسیرت و کردار، زندہ دل اور مخلص شخصیت کے مالک تھے، توحید و سنت کے علمبردار تھے، ان کے بچے بھی نیک اور مساجد سے وابستہ ہیں، ایسی ہستیاں ہزاروں میں ایک ہوتی ہیں، ان کے بڑے فرزند حاجی عبدالغفور چوہدری جو مسجد محمد الم راک برمنگھم کے امیر ہیں اور حاجی عبدالشکور اور حاجی زرین تاج سب کے سب نیک ہیں جو اپنے والد مرحوم کیلئے صدقہ جاریہ ہیں۔