پشاور میں مہنگائی کے خلاف آج احتجاج کیاجائے گا

December 04, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی ملک سلیم خان چمکنی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے چیئرمین ملک عدیل اعوان اور سیکرٹری مالیات سرفراز خان نے کہا ہے کہ ضلع پشاور اور پشاور سٹی ڈسٹرکٹ میں مہنگائی وبے روزگاری کے خلاف آج جمعہ چار دسمبر کو ہونے والے احتجاج کے لئے قومی وطن پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ضلع پشاور کی تمام یونین کونسلز اور پشاور سٹی ڈٹرکٹ کی تمام وارڈز سے قومی وطن پارٹی کے کارکن جلوسوں کی شکل میں احتجاجی جلسہ میں شرکت کریں گے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے چیئرمین اور پراونشل و سنٹرل کمیٹی کے ممبر ملک ندیم خان کی سربراہ میں مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف آج جمعہ کے روز ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لئے پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کی تمام وارڈز میں تیاری مکمل کر لی گئی ہے پیپلز پارٹی اے این پی اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کی طرف سے بھی احتجاج کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین و مرکزی رہنما جمعیت علمائے اسلام حاجی غلام علی نے جمعہ کے روز ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری سے حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرنت بڑھتی جا رہی ہے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور بہت جلد عوام کو نااہل و نالائق حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔