وباء کے دوران اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے: عثمان بزدار

December 04, 2020


پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کوئی ذی شعور موجودہ حالات میں اجتماع کا سوچ سکتا ہے، نہ بات کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے یہ عناصر عقل کے ساتھ بصیرت سے بھی عاری ہیں، اپوزیشن دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے کورونا وائرس کی پہلی لہر میں سخت لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کیا تھا، اب دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے اور اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے، یہ ٹولہ آئندہ بھی روتا رہے گا، انسانی جانوں کا تحفظ مقدم ہے، عوام کی زندگیوں کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔