کلبھوشن معاملے پر دعوے مسترد، بھارت فرار کی تلاش میں ہے، پاکستان

December 05, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارتی وزارت خارجہ کے غلط اور گمراہ کن دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہےکہ بھارت فرارکی تلاش میں ہے،انڈیا بازآجائے تاکہ قانونی کارروائی کانتیجہ اخذاورآئی سی جے کے فیصلےپر پورا اترا جاسکے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کی اپنی قانونی کونسل پر اثرانداز ہوکرکلبھوشن کیس میں قانونی کارروائی سے فرار کی تلاش میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کوکلبھوشن سے ملاقات کرنے اور ان کی جانب سے وکیل کی تقرری کی دعوت دی تھی تاکہ کمانڈر یادیو کی سزا پر نظر ثانی کی جائے جو شروع ہوسکتی ہے تاہم سفارتی تبادلے کے دوران ہندوستانی ہائی کمیشن نے خود ہی کسی وکیل کو ہدایت دینے سے انکار کردیا۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے جھوٹے بیان کے برخلاف کلبھوشن کے معاملات کو ایک اور ہندوستانی قیدی اسماعیل سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، یہ دونوں معاملات بالکل الگ ہیں، اسماعیل کے معاملے کا حوالہ صرف اس مقصد کیلئے تھا کہ بھارتی پوزیشن میں تضاد کو ظاہر کیا جاسکے۔

بیان میں کیا گیا کہ اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان پہلے ہی دو بار بھارتی ہائی کمیشن کو قونصلر رسائی فراہم کرچکا ہے اور اس معاملے میں موثر جائزہ لینے اور نظرثانی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا چکا ہے جبکہ تیسری قونصلر رسائی کی پیش کش ابھی باقی ہے۔

بھارت پر ایک بار پھر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے معمول کے مسخ اور پیچیدہ حربوں کے استعمال سے باز آجائے اور اس کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ قانونی کارروائی کا باقاعدگی سے نتیجہ اخذ کیا جاسکے اور آئی سی جے کے فیصلے پر پوراترا جاسکے۔