کمشنر کا میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا دورہ، بد نظمی پر اظہار برہمی

December 05, 2020

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے گزشتہ روز میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور پوری عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے دفاتر میں بھی گئے انہوں نے ٹوٹے ہوئے فرنیچر، زنگ آلود اور خستہ حال لوہے کی الماریوں اور بے ترتیب فائلوں کے ریکارڈ پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہاں آنے والے شہریوں کیلئے بھی آرام دہ اور مضبوط کرسیاں رکھی جائیں اور ان کی تعداد بھی بڑھائی جائے۔ کمشنر نے عمارت کے باتھ رومز اور کچن کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ کمشنر نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام دفاتر کا فرنیچر درست کیا جائے، تمام ریکارڈ تاریخ اور عنوان کے ساتھ ترتیب دیا جائے اور عمارت کی چھت بھی صاف کی جائے۔