جزائر پر وفاق کو چائنا کٹنگ نہیں کرنے دینگے‘مرتضیٰ وہاب

December 08, 2020

کراچی(صباح نیوز)ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ جزائر سندھ حکومت کے ہیں ‘وفاق کو ان پر چائنا کٹنگ نہیں کرنے دیں گے ‘ کراچی کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے شہر سے بے وفائی کی، پیپلزپارٹی کے کسی عہدیدار کو وفاق سے پیسے نہیں ملے، وفاق بتائے کراچی پیکیج کے پیسے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟بیرسٹر مرتضی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہم نے سنا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کو پیسے ملے ہیں، ہمارے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی کاموں کے پیسے نہیں ملے، پی ٹی آئی اراکین کو جو پیسے ملے وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ خان صاحب، گورنر اور اسد عمر نے 162 ارب روپے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا، کیا وہ وعدہ وفا ہوگیا، کیا گرین لائن کو چھ ماہ میں آپریشنل کرنے کا وعدہ وفا کر دیا، خواب سے باہر نکلیں، وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں ۔