انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو

December 10, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر شہری کے انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر شہری کا برابری کی بنیاد پر احترام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اور یہ جدوجہد شہادتوں، قید و بند، تشدد اور الزام تراشیوں کا سامنا کرنے کے باوجود جاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اقوام کو ان کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کی بنیاد پر پرکھا جاتا ہے۔ ترقی و خوشحالی فطری طور پر بلاتفریق ہر شہری کے انسانی حقوق کی پاسداری سے منسلک ہے۔ ایک پرامن و ترقی پسند معاشرے کے لئے آزادی اظہار، مذہب اور عقیدے، خواتین اور بچوں کے حقوق اور کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ عالمی برادری یہ یقینی بنائے کہ بھارت کشمیر میں اپنے مظالم کا خاتمہ کرے اور حقِ خودارادیت کا احترام کرے۔ پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی مشعل راہ کی حیثیت سے کسی بھی صورت میں انسانی حقوق کے تحفظ پر مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔