پی ڈی ایم کا جلسہ یادگار اور تاریخی ہوگا، ایاز صادق

December 13, 2020

مسلم لیگ نون کے رہنما ایاز صادق کہتے ہیں کہغیر سیاسی افراد بھی آرہے ہیں کہ انہیں بھی جلسے میں لے جائیں گے،پی ڈی ایم کا جلسہ یادگار اور تاریخی ہوگا۔

لاہور میں ایاز صادق نے اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت کا مقابلہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں سے ہورہا ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ قائدین دوپہر میں میری رہائش گاہ تشریف لائیں گے جہاں مختصر اجلاس ہو گا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ دوپہر کا کھانا اور ظہر کی نماز بھی ادا کی جائے گی جس کے بعد قائدین میری رہائش گاہ سے ہی جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی ایاز صادق کے ظہرانہ میں شریک ہوں گے جس کے بعد وہ جلسہ گاہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پاور شو آج ہونے جا رہا ہے۔

مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔

اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔