PDM جلسہ، مختلف شہروں سے قافلے روانہ

December 13, 2020

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں مینارِ پاکستان تلے آج اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے مختلف شہروں اور دیہات سے پی ڈی ایم سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کے کارکن ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

گوجرانوالہ سے نون لیگ کے ایم پی اے نواز چوہان کی قیادت میں قافلہ کھیالی سے روانہ ہوا، روانگی سے پہلے کارکنوں کی کشمیری چائے سے تواضع کی گئی۔

قافلے کی روانگی سے قبل ایم پی اے نواز چوہان نے نون لیگی کارکنان میں فیس ماسک بھی تقسیم کیئے۔

نون لیگی رہنما توفیق بٹ کے مطابق پلان بی کے مطابق کارکنوں کو متبادل محفوظ مقامات پر جمع کیا جائے گا، مرکزی قافلہ سیٹلائٹ ٹاؤن سے خرم دستگیر کی قیادت میں روانہ ہوگا۔

لاہور جلسے کے لیے پیپلز پارٹی گوجرانوالہ کا قافلہ سیٹلائٹ ٹاؤن سے روانہ ہو گا، جس کی قیادت سٹی صدر ودود حسن ڈار کریں گے۔

گوجرانوالہ سے جے یو آئی ف کا قافلہ ضلعی جنرل سیکریٹری بابر رضوان کی قیادت میں روانہ ہو گا۔

گوجرانوالہ میں لاہور جلسے میں روانگی سے پہلے پی ڈی ایم کے کارکنوں نے تگڑا ناشتہ بھی کیا، نون لیگ کے کارکنوں نے مزیدار سری پائے کھائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے مرغ چنے، حلوہ پوری اور سری پائے کا ناشتہ کیا۔

پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں شرکت کیلئے فیصل آباد میں کارکن جمع ہونے لگے، فیصل آباد سے لیگی ارکانِ اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کی ریلیاں ساہیانوالہ انٹرچینج پہنچیں گی۔

پی پی پی اور جے یو آئی ف کے کارکنوں کی ریلیاں بھی ساہیانوالہ پہنچیں گی، ساہیانوالہ انٹرچینج سے کارکنوں کا قافلہ موٹر وے کے راستے لاہور روانہ ہو گا۔

ملتان میں لاہور جلسے میں شرکت کیلئے مسلم لیگ نون کے کارکن جمع ہونے لگے۔

کارکن پارٹی عہدے داروں اور سابق ممبرانِ قومی اسمبلی کے گھروں پر اکھٹے ہو رہے ہیں جہاں روانگی سے قبل کارکنوں میں چائے تقسیم کی گئی، کارکنوں نے پارٹی ترانوں پر رقص بھی کیا۔

خیبر پختون خوا سے بھی سیاسی جماعتوں کے کارکنان قافلوں کی شکل میں لاہور آئیں گے۔

ترجمان مسلم لیگ نون خیبر پختون خوا اختیار ولی کے مطابق نون لیگ کا قافلہ پشاور سے صوبائی صدر امیر مقام کی قیادت میں نکلے گا۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع سے گاڑیاں قافلے میں شامل ہوں گی، اس سلسلے میں مسلم لیگ نون کے کارکنان پشاور موٹر وے ٹول پلازہ پر جمع ہونے لگے ہیں۔

ادھر لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں بلاول ہاؤس لاہور کے سامنے کارکنوں کے لیے کرسیاں لگا دی گئیں، بلاول ہاؤس کے باہر کارکنوں کے لیے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری روانگی سے پہلے بلاول ہاؤس کے باہر کارکنوں سے مختصر خطاب کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری ریلی کی شکل میں براستہ رنگ روڈ روانہ ہوں گے، ان کی ریلی گجومتہ، یوحنا آباد سے ہو کر لبرٹی چوک پہنچے گی، بلاول بھٹو زرداری شہر کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں مینارِ پاکستان تلے آج اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ ہونے جا رہا ہے۔

مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔

اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔

مسلم لیگ نون کی طرف سے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائدین کے لیئے آج ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام ف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن اور دیگر رہنما نون لیگی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش گاہ پہنچیں گے جہاں ان کے لیے ظہرانے کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم رہنما ظہرانے کے بعد جلسہ گاہ مینارِ پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔