• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہوری آج جلسوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے: مولانا فضل الرحمٰن

اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ آج لاہوری مینارِ پاکستان پر جلسوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔

اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن لاہور میں پی ڈی ایم کے آفس لکشمی چوک پہنچ گئے۔

پی ڈی ایم آفس میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے جے یو آئی رہنما بلال میر نے مولانا فضل الرحمٰن کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج لاہوری مینار پاکستان پرجلسہ کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے، ناجائز اور نااہل حکومت کا خاتمہ پورے پاکستان کی آواز ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں مینارِ پاکستان تلے آج اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ ہونے جا رہا ہے۔

مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔

اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک گیٹ نمبر 1 کو مرکزی قیادت کی آمد و رفت کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔

گیٹ نمبر 2 اور 3 کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے، گیٹ نمبر 4 اور 6 سے مرد حضرات جلسہ گاہ میں داخل ہوں گے۔

جلسہ گاہ میں خواتین کی انٹری کے لیے گیٹ نمبر 5 مختص کیا گیا ہے، گریٹر اقبال پارک میں 8 بڑی اسکرینیں بھی لگائی جا رہی ہیں۔


مسلم لیگ نون کی طرف سے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائدین کے لیئے آج ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام ف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن اور دیگر رہنما نون لیگی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش گاہ پہنچیں گے جہاں ان کے لیے ظہرانے کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم رہنما ظہرانے کے بعد جلسہ گاہ مینارِ پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

ادھر پی ڈی ایم لاہور کے جلسے میں شرکت کے لیے پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں پی ڈی ایم سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کے کارکن جمع ہونا شروع ہو گئے۔

کئی شہروں اور دیہات سے سیاسی جماعتوں کے کارکن رہنماؤں کے ہمراہ لاہور کی جانب روانہ ہو چکے ہیں جبکہ کچھ آنے کے لیے مختلف مقامات پر اکٹھے ہو رہے ہیں جو ریلیوں کی صورت روانہ ہوں گے۔

تازہ ترین