ذیابیطس پہلے مریض کے دانت متاثرکرتی ہے، آفتاب احمد

December 23, 2020

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) ڈینٹل سرجن ڈاکٹر آفتاب احمد نے کہا ہے کہ شوگر(ذیا بیطس) کی بیماری سے سب سے پہلے مریضوں کے دانت متاثر ہوتے ہیں، اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کی علامات میں پہلے دانت اور مسوڑھے کمزور ہوجاتے ہیں بعض اوقات ان سے خون رسنے لگتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر کے ابتدائی مرض میں دانت اور مسوڑھوں کے زخم مندمل نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے انٹرویو میں کیا ۔

انہوں نے کہاہمارے پاس ایسے مریض آتے ہیں جن کا علاج کرنے کے باوجود ان کو دوبارہ زخم ہوجاتا ہے جس پر ان کے شوگر کے ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں جس میں مثبت رپورٹ ملنے کے بعد پہلے ان کی شوگر کنٹرول کی جاتی ہے۔

ڈاکٹر آفتاب کا کہنا تھا کہ عمومی طور پر شوگر کی بیماری دانتوں کو متاثر کرتی ہے اسی دوران ڈینٹل سرجن ان کے دانت کا علاج کرنے سے پہلے شوگر کی بیماری سے باخبر ہوجاتا ہے اکثر لوگوں کو دانت کی خرابی پر شوگر کا مرض ہونے کی خبر ملتی ہے۔