مریم نواز مردان پہنچ گئیں، مولانا راستے میں

December 23, 2020

حزبِ اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج مردان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازپہنچ گئیں جبکہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا قافلہ راستے میں ہے۔

مریم نواز کا قافلہ بخشالی انٹر چینج پار کر کے مردان شہر میں داخل ہو گیا۔

اس سے قبل مریم نوازکاقافلہ کرنل شیرخان انٹرچینج رکے بغیرآگے نکل گیا تھا، پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ پروٹوکول عملہ کی غلطی سے قافلہ مردان انٹرچینج کی طرف چلاگیا۔

جس کے بعد مریم نواز کا قافلہ مردان انٹرچینج سے دوبارہ کرنل شیرخان انٹرچینج پہنچا، اس موقع پر مریم نواز نے گاڑی سے باہر آ کر ہاتھ ہلایا اور کارکنوں کا جذبہ بڑھایا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا قافلہ مردان کے جلسے میں شرکت کے لیے سخا کوٹ سے روانہ ہو گیا۔

ضلعی امیر مفتی کفایت اللّٰہ اور جنرل سیکریٹری مولانا سلمان تاثیر خان بھی ریلی میں شریک ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کا قافلہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں گجو خان کے مقام سے مردان میں داخل ہو گا۔