نیو کراچی آئس فیکٹری دھماکے میں ہلاکتیں 10 ہوگئیں

December 24, 2020

کراچی کے علاقے نیو کراچی کی آئس فیکٹری میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی۔

فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ اطراف کی پانچ فیکٹریوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد ملبہ گرنے سے 2 گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے گیس لیکج کو دھماکے کی وجہ قرار دے دیا۔

پولیس کے مطابق فیکٹری میں کوئی بوائلر نہیں تھا، شبہ ہے کہ دھماکا ایمونیا گیس کے اخراج سے ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین بی ڈی ایس کی رپورٹ کے بعد ہی ہو گا۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لیبر ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔