سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین لگوالی

December 26, 2020


سعودی عرب کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین کے قومی منصوبے کے تحت ویکسین لگوالی، انہیں ویکسین انجکشن کے ذریعے لگائی گئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں شہریوں اور رہائشیوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے ان کی خواہش اور مستقل پیروی کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب رواں ماہ 10 دسمبر کو پہلا اسلامی ملک بنا تھا، جس نے امریکی کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دی تھی۔

سعودی عرب میں کورونا کی پہلی ویکسین 17 دسمبر کو جن چند افراد کو لگائی گئی، ان میں مملکت کے وزیر صحت بھی شامل تھے۔

سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا جا چکا ہے کہ ملک میں موجود تمام افراد کورونا ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔